حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے اسکول کھول دیں گے، مراد راس

لاہور(سی این پی) وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں 15 جولائی سے اسکول کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے، حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے اسکول کھول دیں گے۔مراد راس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک ہی ساتھ ساری کلاسز لگانے کی اجازت نہیں ہو گی، پہلے مرحلے میں ضروری کلاسز لگانے کی اجازت دیں گے۔ایک کلاس میں صرف 20 بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں سب بچوں کو پاس کردیا ہے، یہ بین الصوبائی کانفرنس کا فیصلہ تھا۔ تاہم اس کی راہ میں کچھ قانونی مسائل کہیں کہیں آرہے ہیں، جن کو دور کیا جارہا ہے۔لاہور کے نجی اسکول ایل جی ایس میں طالبات کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ معاملے پر متاثر طالبات سے پیر کو ملاقات کروں گا، امید ہے پیر کو طالبات کی جانب سے تحریری درخواستیں آجائیں گی۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ بین الصوبائی کانفرنس میں ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔2 جولائی کو بین الصوبائی وزراتعلیم کانفرنس منعقد کی جانی تھی مگروفاقی وزیر شفقت محمود کی والدہ کے انتقال کے باعث منعقد نہ ہوسکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں