سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مدد گار ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان

نیویارک(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل پاکستان کی ترجیح ہے، منصوبہ سے ملک کی ترقی و خوشحالی میں مدد ملے گی، چینی وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی ایک ماہ میں دوسری ملاقات ہوئی ہے، یہ ملاقات یو این جنرل اسمبلی سیشن کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور علاقائی معاملات پر گفتگو کی گئی، وزیراعظم نے دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین سے مشترکہ شراکت داری خطے کے امن و استحکام کی بڑی وجہ ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل پاکستان کی ترجیح ہے، منصوبے کے تحت جاری منصوبوں کو جلد مکمل کریں گے، سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی،خوشحالی میں مدد گار ثابت ہو گا، ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی بحران پیدا کر رکھا ہے، لاک ڈان اور کرفیو سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، مواصلات کی مسلسل روک تھام نے کشمیریوں کودہری اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔بھارت نے پانچ اگست کو غیرقانونی اور یکطرفہ اقدام کیا، جس کا مقصد عالمی سطح پر کشمیر کی تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنا تھا، بھارتی اقدام یواین قراردادوں، عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھانے پر زور دیا۔اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چین اس اہم مسئلے پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، چینی وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کے ساتھ مل کرکام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید تقویت فراہم کریں گے، منصوبوں کی کامیابی سے پاکستان اور خطے میں معاشی استحکام آئے گا۔ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں