پنجاب حکومت کا مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کرانے کا اعلان

لاہور(سی این پی)حکومت پنجاب نے مسئلہ کشمیر پر لاہور میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کرانے کا اعلان کر دیا، کشمیر کمیٹی کی سرگرمیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے ویب سائٹ کا اجرا کیا جائے گا۔وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں پنجاب کی کشمیر کمیٹی کے اجلاس میں منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سول سوسائٹی، امن کمیٹیوں اور مذہبی راہنمائوں کو مزید فعال بنایا جائے گا، کشمیر کمیٹی کی سرگرمیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے ویب سائٹ کا اجرا کیا جائے گا۔راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ پنجاب سے مظلوم کشمیریوں کے حق میں 10 لاکھ دستخطوں کی مہم کا آغاز کیا جائے گا، 27 اکتوبر کو پنجاب میں بھر پور طریقے سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا، پنجاب کشمیر کمیٹی کی تمام سرگرمیوں سے وفاقی حکومت کو باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں