پنجاب کے تعلیمی اداروں کے لیے ایس او پیز جاری

لاہور(سی این پی)محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے صوبے کے تعلیمی اداروں کے حوالے سے ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرپنجاب کی طرف سے جاری ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ مارننگ اسمبلی، اِن ڈور گیمز ، جھولوں، سلائیڈز، کھیلوں کی سرگرمیوں، سیمینارز، تقریری مقابلوں، کھیلوں کے مقابلوں اور ٹورنامنٹس منعقد کرانے پر پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ماسک پہننا لازمی ہوگا، اسکول بسوں میں کل گنجائش کا 50 فیصد استعمال کرناہوگا اور ہاسٹلز کی سہولت کیلئے صرف 30 فیصد گنجائش استعمال کی جائے گی جب کہ طلبا وطالبات کو صابن اور ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بناناہوگی۔اس کے علاوہ سانس کی تکلیف میں مبتلا طالب علموں اور اسٹاف کو گھروں تک محدود رکھاجائے گا۔نوٹیفکیشن میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے 3 دن قبل تعلیمی اداروں کی جامع صفائی اور ڈس انفیکٹ کیا جائے، تعلیمی اداروں کو روزانہ کی بنیاد پربھی ڈس انفیکٹ کیا جائے ، 6 فٹ کا سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ طالب علم ہاتھ ملانے کی پابندی پر عمل کریں، اسکولوں میں داخلے اور چھٹی کے وقت سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے، اساتذہ لیکچر دیتے وقت بھی سماجی فاصلہ اپنائیں، طالب علم اپنا دوپہر کا کھانا گھر سے لائیں، تعلیمی اداروں میں تمام بچوں کا تھرمل گن سے ٹمریچر چیک کیا جائے اور تمام طالب علموں کی الگ الگ ہیلتھ لاگ بک تیار کی جائے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کے درمیان 15 ستمبر سے اسکول کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں