ملک میں کوئی حکومت نہیں سارا انتظامی ڈھانچہ بکھرا ہوا ہے، مولانا فضل الرحمان

لاڑکانہ(سی این پی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ صورتحال ایسی نہیں کہ قومی احتساب بیورو (نیب)کو برداشت کیا جا سکے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں اضطراب اور بے چینی کی صورتحال ہے اور ملک میں کوئی حکومت نہیں سارا انتظامی ڈھانچہ ہی بکھرا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ صورتحال ایسی نہیں کہ نیب کو برداشت کیا جا سکے اور اب ہم جیلوں کی طرف رخ موڑنے کو تیار ہیں۔ ہم پوری قوم کے جمہوری حق کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے ملک میں انتشار پھیلے گا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کراچی واقعہ پر وفاق بری الزمہ نہیں ہو سکتا جبکہ سندھ پولیس کا ردعمل اس بات کی نشاندہی ہے کہ پانی سر سے گزر چکا ہے۔ اب کراچی واقعے پر وفاق فرار حاصل نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی سے ملکی معیشت تباہ ہوئی اب ہم اس کی بحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ حکومت اگر ہمیں سیکیورٹی نہیں دے سکتی تو ہمیں اجازت دے اپنی سیکیورٹی کا انتظام ہم خود کر لیں گے۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر تمام جماعتیں متحد ہیں جبکہ اداروں کی حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں