مری کا تاریخی پنجاب ہائوس کوہسار یونیورسٹی کے کیمپس میں تبدیل

مری(سی این پی)سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 98 کنال رقبے پر محیط تاریخی پنجاب ہائوس اپنے تمام فوائد اور اثاثوں کے ساتھ کوہسار یونیورسٹی مری کی ملکیت بن چکا ہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تاریخی سرکاری عمارتوں کو عوامی اور اجتماعی مفاد میں استعمال کیا جانے لگا ہے۔ پنجاب ہائوس مری اس کی ایک بڑی مثال ہے۔ایم این اے صداقت علی عباسی نے اپنے بیان میں کہا ہے پنجاب ہائوس مری کو کوہسار یونیورسٹی کے سیاحت کے ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا جائے گا۔ یہاں پر طلبہ اور طالبات کو سیاحت کی کتابی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تعلیم بھی دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کوہسار یونیورسٹی کا قیام ملکہ کوہسار مری، ہزارہ، کوٹلی ستیاں اور آزاد کشمیر کے لوگوں کے لئے موجودہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے۔ پوری کوشش کی جائے گی کہ پنجاب ہائوس میں سیاحتی اور رہائشی سہولتیں متاثر نہ ہوں۔صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ کوہسار یونیورسٹی اس سہولت کو جدید انداز میں پہلے سے بہتر طریقے سے پیش اور ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کے لئے بہترین پریکٹیکل لیبارٹری کا کام بھی کرے۔ پنجاب ہائوس کے ایک بلاک میں کلاس روم بنائے جائیں گے جبکہ دیگر بلاک یونیورسٹی کی زیر نگرانی جدید انداز میں سیاحوں کے لیے دستیاب رہیں گے جو یونیورسٹی کے لئے اضافی آمدنی کا ذریعہ بھی بنیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کوہسار یونیورسٹی آف مری ٹورازم میں بی ایس پروگرام اور ایم ایس پروگرام کے علاوہ مینجمنٹ سائنسز، پیور سائنسز، اکائونٹینسی، ہسٹری، قانون، فارسٹری، ہارٹیکلچر سمیت تمام روایتی مضامین میں ڈگری آفر کرے گی۔ پوری کوشش ہے کہ فروری 2021 میں باقاعدہ کلاسیں شروع کر دی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں