بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کے نئے ثبوت دنیا کے سامنے آگئے

سری نگر(سی این پی)بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشتگردی کے نئے ثبوت دنیا کے سامنے آگئے جس سے بھارتی فوج کا مکروہ چہرہ ایک بارپھر بے نقاب ہوگیا۔رواں سال جولائی میں بھارتی فوج کی جانب سے 3کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کرنے کی تصدیق ہوگئی ہے۔بھارتی فوج کے افسرکیپٹن بھوپندرا سنگھ اور اس کے 2 ساتھیوں نے 3کشمیری کزنز کے قتل کے بعد موت کو فوجی مقابلہ قراردیا اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے خود ان کی میتوں پراسلحہ رکھا تاکہ بیگناہ نوجوانوں کوخطرناک دہشتگرد قراردیا جاسکے۔یہی نہیں بلکہ سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فوج نے معصوم کشمیریوں کو نامعلوم مقام پرخاموشی سے دفنا دیا تاکہ حقیقت دنیا کے سامنے نہ آسکے تاہم جب دہشتگرد قرار دے کر قتل کیے گئے نوجوانوں کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو مقتولین کے اہل خانہ نے انہیں شناخت کرلیا۔اہلخانہ نے بتایا کہ تینوں بے روزگار نوجوان سیبوں کے باغات میں نوکری کی تلاش کے لیے گھروں سے نکلے تھے لیکن کچھ روز سے ان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔مقبوضہ وادی میں عوام کی جانب سے دبا بڑھنے اور حقائق دنیا کے سامنے آنے کے بعد بھارتی فوج نے نامعلوم مقام پر دفنائی گئی لاشیں ورثا کے حوالے کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں