کرونا ویکسین کی بروقت فراہمی، این سی او سی کا اہم اقدام

اسلام آباد(سی این پی) حکومت نے کرونا وبا کی بروقت ویکسین کی فراہمی سے متعلق نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت نیشنل ایمونائزیشن مینجمنٹ سسٹم تیار کیا ہے جو مختلف وزارتوں کی مشترکہ کاوش ہے، اسے شارٹ فارم میں نمز کا نام دیا گیا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق نمز وزارت صحت، داخلہ، این آئی ٹی بی کے اشتراک سے تیار کیا گیاہے، جس کا مقصد ملک بھر میں کورونا ویکسین کی موثر رسد یقینی بنانا ہے اور نمز کے ذریعے کورونا ویکسی نیشن کیلئے ڈیٹا تیار کرنا ہے۔این سی او سی کے مطابق نمز سسٹم کورونا ویکسی نیشن کے لیے مرحلہ وار رجسٹریشن کرے گا، نمزسسٹم رجسٹریشن کیلئے شہریوں کو ایس ایم ایس بھیجے گا، نمز میں شہریوں کی رجسٹریشن بذریعہ شناختی کارڈ نمبر ہو گی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ این آئی ایم ایس سسٹم جنوری میں متعارف کرایا جائے گا جس میں شہریوں کو حفاظتی ٹیکہ سازی کے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، حکومت کورونا ویکسین کی جلد دستیابی کے لئے معروف مینوفیکچررز کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر رہی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے 4 ممالک کی 6 کمپنیوں سے رابطے میں ہے، پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں دو اہم مطالبات ہیں۔پاکستان ڈبلیو ایچ او کے ای یو اے سرٹیفکیٹ کی حامل ویکسین خریدے گا، اور ویکسین جلد فراہم کرنے والی کمپنی ہی سے کرونا ویکسین خریدے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسین کے لیے چینی کمپنیوں سائینو فارم اور کین سائینو سے رابطے جاری ہیں، آکسفورڈ یونی ورسٹی اور روسی اسپوتنک فائیو کمپنی سے بھی رابطے ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں