کورونا کے بعد بلوچستان میں ایک اور وبا پھوٹ پڑی

کوئٹہ(سی این پی) صوبہ بلوچستان کے ضلع چمن میں کرونا کے بعد ایک اور وبا نے سر اٹھالیا ہے اور سینکڑوں بچوں کو متاثر کردیا ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق چمن کے علاقے توبہ اچکزئی کے متعدد گائوں میں خسرہ کی وبا پھوٹ پڑی ہے، جس کے باعث ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ڈی ایچ او چمن رفیق مینگل نے خسرہ کے باعث تین بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ گائوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ افغانستان کی سرحد پر واقع علاقے چمن میں خسرے نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، یہاں ہر سال خسرے کی وبا پھیلتی ہے تاہم اس سے بچائو کے لیے تا حال کوئی تسلی بخش اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ خسرہ ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہونے والا وبائی مرض ہے جو بہت جلد پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے، خسرے کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر محکمہ صحت نے مرض کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کیا تھا، وہ تمام بچے جن کی عمر 9 ماہ سے 5 سال تک ہے انھیں خسرے سے بچائو کی سرکاری مہم کے دوران حفاظتی ٹیکا لگایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں