نرسوں کے لئے بڑی خوشخبری، ڈپلومہ کی جگہ ڈگری اور وظیفے میں اضافہ

لاہور(سی این پی) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اب تمام نرسوں کو ڈپلومہ کی جگہ ڈگریاں جاری کی جائیں گی اور وظیفہ 20ہزار روپے سے بڑھا کر 31 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب کے تمام 44 نرسنگ اسکولوں کو کالجز کا درجہ دیدیا گیا ہے، اب نرسیں پوسٹ گریجویشن اورپی ایچ ڈی کرسکیں گی۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ تمام نرسوں کوڈپلومہ کی جگہ ڈگریاں جاری کی جائیں گی جبکہ نرسزکا وظیفہ 20 ہزار روپے سے بڑھا کر31ہزار روپے کردیا گیا ہے۔وزیرصحت پنجاب نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار500 میل نرسز کو بھرتی کیا گیا، ہر سال2350 نرسوں کو نرسنگ کالجز میں داخلے دیے جائیں گے، ہمارے پاس 70 ماسٹرز اور 700 نرسنگ فیکلٹی ممبران موجود ہیں، حکومت پی ایچ ڈی ڈگری کے حصول کیلئے نرسز کو اسکالرشپ دے گی۔یاد رہے گذشتہ سال وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں نرسوں کے سروس اسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی اصولی منظوری دی گئی تھی۔اجلاس میں نرسوں کی ترقیوں کے امور کو اسٹریم لائن کرنے کا فیصلہ کرنے کے علاوہ نرسنگ کے شعبے میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لیے اسکالر شپ دینے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ نرسنگ اسکولوں کو نرسنگ کالجوں میں اپ گریڈ کیا جائے گا، نرسنگ کالجوں کے ساتھ ہاسٹل بھی بنائے جائیں گے،نرسوں کو اسکالر شپ پر بیرون ملک بھجوائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں