پیٹرول 2 روپے 70 پیسے،لائٹ ڈیزل 3 روپے فی لیٹر مہنگا

اسلام آباد(سی این پی)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ اضافے کا اعلان وزیراعظم آفس کی جانب سے کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق شب 12 بجے سے ہو گا۔تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2.70 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.88 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.54 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے واضح طورپر ہدایت کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم سے کم اضافہ کیا جائے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کچھ دیر قبل تک یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔عوامی حلقوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی قرار دیا ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، یکم دسمبر کو پیٹرول 100 روپے انہتر پیسے، مٹی کا تیل پینسٹھ روپے انتیس پیسے اور لائٹ ڈیزل باسٹھ روپے چھیاسی پیسے فی لیٹر دستیاب تھا۔اب پیٹرول ایک سوگیارہ روپے نوے پیسے، اور ڈیزل ایک سوسولہ روپے سات پیسے فی لیٹر تک جا پہنچا۔ مٹی کے تیل کی قیمت اسی روپے انیس پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت اناسی روپے تیئس پیسے ہو گئی ہے۔نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں