گوادر شپ یارڈ حکومت بلوچستان کی ملکیت ہوگا ،وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

کوئٹہ(سی این پی)وفاقی وزیر دفاعی پیدوارزبیدہ جلال نے کہا ہے کہ گوادر شپ یارڈ حکومت بلوچستان کی ملکیت ہوگا جسے وفاقی حکومت ایکوٹی کے تحت حاصل کررہی ہے گوادر شپ یارڈ کی استعداد کار کراچی شپ یارڈ سے کہیں زیادہ ہوگی جو بلوچستان اور ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں غیر معمولی اہمیت کی حامل ثابت ہوگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں گوادر شپ یارڈ سے متعلق حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت کے مابین ایم او یو پر ستخط کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان صوبائی وزرا میر محمد سلیم کھوسو، میر عارف جان محمد حسنی ،پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بشری رند اور متعلقہ صوبائی و وفاقی افسران موجود تھے، وفاقی وزیر دفاعی پیدوار زبیدہ جلال نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ایچ آئی ٹی ، گوادر انسٹی ٹیوٹ اور کراچی شپ یارڈ میں پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی تاکہ وہ باہنر ہوکر روزگار کے قابل ہوسکیں انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ کے مقابلے میں گوادر شپ یارڈ میں بحری جہازوں کی مرمت کے لئے بھی ورکشاپ ہوگی جبکہ نسبتا گوادر شپ یارڈ میں جدید سہولیات بھی زیادہ ہونگی انہوں نے کہا کہ گوادر میں مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ذمہ وفاقی حکومت نے اٹھایا ہے گوادر سے کسی کو بھی بیدخل نہیں کیا جائیگا بلکہ مقامی آبادی کو تعلیم صحت سمیت بنیادی ضرورت زندگی کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گوادر اور گردونواح کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون کا پختہ یقین دلایا ہے اور اس ضمن میں بلوچستان کی جانب سے جو بھی مطالبہ کیا گیا ہے اس پر سنجیدہ عمل درآمد کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت ایک ایسی جماعت کی حکومت ہے جو عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور بلوچستان کے حقوق کا موثر دفاع کررہی ہے اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر شپ یارڈ کا جوائنٹ وینچر ایک تاریخی منصوبہ ہے جو مستقبل میں بلوچستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی منصوبوں میں بلوچستان کے وسائل کا درست استعمال یقینی بناتے ہوئے ایکوٹی بنیادوں پر موثر انداز میں تعاون کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ گوادر شپ یارڈ سے بلوچستان میں روزگار کے غیر معمولی مواقع فراہم ہوں گے اور ہزاروں لوگوں کو روزگار میسر آئے گا اور بلوچستان کا احساس محرومی ختم ہوگا گوادر شپ یارڈ جیسے منصوبوں سے بلوچستان مالی خود انحصاری کی جانب گامزن ہوگا وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ مقامی افراد کو گوادر سے بیدخل نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے پائیدار بنیادوں پر ایسے منصوبے تشکیل دئیے جائیں گے جس سے گوادر کے مقامی لوگ براہ راست مستفید ہوسکیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں