مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی اشیاء میں امن کا قیام ناممکن ہے،اسد قیصر

اسلام آباد(سی این پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلے کے طور پر دنیا کے نقشے پر موجود ہے اسے حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام نا ممکن ہے۔کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اورکشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے،موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کیے جانے کےمعاملات کو دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے اُجاگر کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام منقعدہ قومی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت کی کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزیاں اور اشتعال انگیزبیانات خطے کے امن کو تباہ کرنے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، مسئلہ کشمیر کو علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے کانفرنس میں شریک قائدین کی تجاویز کو لے کر آگے جائیں گے،مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تمام سیاسی و مذہبی رہنماوں کو یکجا ہوکرجامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔اس ضمن میں قومی اسمبلی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں پر مبنی پارلیمانی وفد کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر کو “نیامے اعلامیہ” میں شامل کیا گیا جو تنازعہ جموں وکشمیر پر اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے اصولی موقف کا اعادہ کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی۔ انہوں نے سیاسی وابستگیوں اور مفادات سے بالاتر ہوکر ایک قوم بن کر کشمیر کی جدوجہد آزادی میں کشمیری بھائیوں کا ساتھ دینے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اجلاس پاکستان میں منعقد کرائے جائے۔ اسپیکر نے قومی کشمیر کانفرنس کے انعقاد پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد ں کے مطابق حل کرنے تک پاکستان علاقائی و عالمی فورمز پر اس مسئلے کو اُجاگر کرتا رہے گا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کی مظلوم عوام اور حریت رہنماؤں کی حق خودارادیت کی تحریک اور جدوجہدِ آزادی میں ان کے غیر متزلزل حوصلوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل تک اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں