چین نے بی بی سی ورلڈ پر پابندی عائد کردی

بیجنگ(سی این پی)چین نے برطانوی نشریاتی ادارے برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی)پر پابندی لگادی۔اطلاعات کے مطابق چینی حکام نے بی بی سی پر چین کے میڈیا کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اس پر پابندی عائد کی ہے۔چین کے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی وژن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین میں میڈیا کے ادارے کیلئے ضروری ہے کہ اس کی خبر مصدقہ اور شفاف ہو جبکہ اس سے چین کے قومی مفاد کو کوئی نقصان نہ پہنچتا ہو۔اطلاعات کے مطابق بی بی سی کی جانب سے سنکیانگ سے متعلق خبروں اور کورونا وائرس کی ہینڈلنگ سے متعلق رپورٹس کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی۔خیال رہے کہ چین میں عام طور پر کیبل پر بی بی سی ورلڈ ویسے بھی دستیاب نہیں ہوتا البتہ بعض اہم مقامات اور ہوٹلز پر یہ دستیاب ہوتا ہے۔اس حوالے سے بی بی سی کا کہنا ہے کہ ہمیں مایوسی ہوئی کہ چینی حکام نے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ بی بی سی ورلڈ دنیا کا معتبر ترین بین الاقوامی نیوز براڈکاسٹر ہے اور دنیا بھر سے خبروں کو شفاف طریقے سے غیر جانبدار ہوکر بلاخوف اور کسی کو فائدہ پہنچائے بغیر نشر کرتا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی حکام نے بھی ایک چینی نیوز چینل چائنا گلوبل ٹیلی وژن نیٹ ورک کا برطانیہ میں لائسنس منسوخ کردیا تھا۔برطانوی حکام کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اسٹار چائنا میڈیا لمیٹڈ نامی کمپنی نے مذکورہ چینل کا غیر قانونی لائسنس حاصل کررکھا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں