ایک اور چینی ویکسین 80 فیصد سے زیادہ موثر قرار

استنبول(سی این پی)چین کی سینوویک بائیو ٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین وائرس کی روک تھام کے لیے 80 سے زائد فیصد تک موثر قرار دی گئی ہے، حالیہ ٹرائل ترکی میں کیے گئے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چین کی کمپپنی سینوویک بائیو ٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین مرض کی روک تھام کے لیے 83.5 فیصد تک موثر قرار دی گئی ہے۔ ترکی میں اس ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے حتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں۔ترکی میں ابتدائی نتائج میں اس ویکسین کو 91.25 فیصد تک موثر قرار دیا گیا تھا۔ٹرائل کے دوران مجموعی طور پر 41 افراد میں کووڈ کی تشخیص ہوئی جن میں سے 32 پلیسبو گروپ سے تھے۔ٹرائل میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ ویکسین کی افادیت کا تعین دوسری خوراک کے استعمال کے 14 دن بعد کم از کم ایک علامت اور مثبت پی سی آر ٹیسٹ کی بنیاد پر کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ 100 فیصد کیسز میں بیماری کی سنگین شدت اور اسپتال میں داخلے کی روک تھام میں کامیاب ثابت ہوئی، جو 6 افراد اسپتال میں داخل ہوئے وہ سب پلیسبو گروپ کا حصہ تھے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرائل کے دوران کوئی خاص مضر اثرات دریافت نہیں ہوئے اور ویسے بھی ترکی میں اسے عام استعمال کیا جارہا ہے اور اب تک کوئی سنگین مضر اثرات رپورٹ نہیں ہوئے، تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ ویکسین محفوظ ہے۔ترکی میں دسمبر میں ویکسین کے ابتدائی نتائج میں 29 کیسز کو رپورٹ کیا گیا تھا اور اس کی افادیت 91.25 فیصد قرار دی گئی تھی۔ اس کا حتمی ٹرائل ستمبر 2020 کے وسط میں شروع ہوا تھا اور اس میں 10 ہزار 216 افراد شامل تھے جن میں سے 6 ہزار 648 کو ویکسین فراہم کی گئی۔ٹرائل میں مردوں کی تعداد 58 فیصد اور خواتین کی 42 فیصد تھی اور انہیں ویکسین کی 2 خوراک 14 دنوں کے وقفے میں استعمال کروائی گئی تھیں۔دنیا کے دیگر حصوں میں اس ویکسین کی افادیت کی شرح مختلف دریافت ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں