اسلام آباد،سماجی فاصلوں کی کھلی خلاف ورزی،کنونشن سینٹرمیں لائیو میوزیکل شو میں ہزاروں افراد شریک جبکہ تعلیمی ادارے بند

اسلام آباد(سی این پی )وفاقی حکومت کی دوہری پالیسی ایک طرف کرونا میں اضافے کے باعث تدریسی عمل معطل،تعلیمی اداروں کی بندش جبکہ دوسری جانب جناح کنونشن سینٹر میں تین روزہ فیسٹیول کا انعقاد، سماجی فاصلوں کی کھلی خلاف ورزی،کوئی پوچھ گچھ اور نہ ہی روک ٹوک،کرونا ایس او پی کی دھجیاں اڑا دی گئیں،تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی شاہراہ دستور پرواقع جناح کنونشن سینٹر میں الیون پروڈکشن(elevenproduction)اورمیڈیا سنیفرز (mediasniffers)کے زیر اہتمام اسلام آباد ٹیسٹ فیسٹیول اورمیوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جہاں ہزاروں افراد کا مجمع لائیو میوزک سے لطف اندوز ہوتا رہا،قابل ذکر بات یہ ہے کہ 3 روزہ ایونٹ 12 سے 14 مارچ 2021 تک جناح کنونشن سینٹر میں جاری رہا جہاں اسلام آباد کے بہترین ریسٹورنٹس، ٹاپ شیفس، لائیو میوزک اورمعروف فوڈ دستیاب رہے اور جوق در جوق ہزاروں افراد کی آمدورفت جاری رہی۔
اہم بات یہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس اسلام آباد کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے تمام اجتماعات کے اجازت نامے منسوخ کردیے گئے مگر اس ایونٹ کا اجازت نامہ منسوخ ہوا اور نہ ہی کرونا ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا، دوسری جانب ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کرونا کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد کے تین سیکٹرز F-11/1,I-8/4اور I-9/2 کوسیل کرنے کے احکامات جاری کئے، نوٹیفکیشن کے مطابق تجارتی علاقے، تفریحی پارک جمعہ،ہفتہ اوراتوار کو مکمل طور پر بندرہیں گے، مگر جمعے سے اتوار تک فیسٹیول جاری رہا اسکے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اپنی ہی نگرانی میں سیکٹر F-8میں سی بی آر ہائوسنگ سو سائٹی کے سالانہ انتخابات منعقد کر کے شہریوں کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کا موقع فراہم کیا۔وفاقی دارالحکومت میں ایک طرف تعلیمی اداروں، کاروبار اور تفریحی مقامات کو بندش،رہائشی علاقوں کو سیل کرنے کے احکامات اور دوسری طرف اسلام آباد ٹیسٹ فیسٹیول اورسی بی آر ہائوسنگ سوسائٹی کے سالانہ انتخابات کے انعقاد نے کئی سوالات جنم دیے،

اس حوالے سے کنونشن سنٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم ضلعی انتظامیہ کے اجازت نامہ کی روشنی میں تقریبات کی اجازت دیتے ہیں۔ جبکہ نجی سکولز ایسوسی آیشنز نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے بند مگردیگر تقریبات زورو شور سے جاری ہیں جہاں سماجی فاصلوں کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے، حکومت صرف تعلیمی اداروں اورکاروبار کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے جو سراسر ظلم اور نا انصافی ہے،

اپنا تبصرہ بھیجیں