خالی عمارتوں پر قبضے کیلئے مافیاز سرگرم، بھارتی پولیس بے بس

نئی دہلی (سی این پی) بھارت میں قبضہ مافیا نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، خالی عمارتوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف پولیس بھی کارروائی کرنے سے قاصر نظر آتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں قبضہ مافیا کی ایک اور واردات منظر عام پر آگئی، جے جے مارگ پولیس اسٹیشن سے چند قدم کی دوری پر واقع خالی عمارت پر قبضہ مافیا کے لوگوں نے قبضے کی کوشش کی۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ افراد عمارت کا تالا توڑ کر بلڈنگ میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن لوگوں کی آہٹ سے ملزمان فرار ہوگئے۔بلڈنگ کے مالک معیض نے پولیس اسٹیشن میں قبضے کی رپورٹ درج کرائی اور واقعے کی فوٹیج بھی جمع کرائی، اس کے باوجود پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی۔معیض کی دختر مریم کہتی ہیں کہ یہ ملکیت ہماری ہے اور اس علاقے کو از سر نو تعمیر کرنے کی ذمہ داری مقامی کمپنی ایس بی یو ٹی نے لی ہے۔ حالانکہ اب تک ان کے اور ایس بی یو ٹی کے درمیان کسی بھی طرح کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور معاملہ کورٹ میں زیر سماعت ہے باوجود اس کے انہیں اس طرح کے حالات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں