کوئٹہ حملے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر بہت غمزدہ ہوں، وزیر اعظم

اسلام آباد (سی این پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ حملے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر بہت غمزدہ ہوں۔ دہشت گردی کی لعنت کو دوبارہ اٹھنے نہیں دیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام داخلی اور بیرونی خطرات سے آگاہ ہیں، قوم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے بڑی قربانیاں دیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے تحریر کیا کہ دہشت گردی کی لعنت کو دوبارہ اٹھنے نہیں دیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 5 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے 15 افراد زیر علاج ہیں۔ جس میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ سیکورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی۔ خلیجی اخبار نے ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹرارباب کامران کے حوالے سے بتایا ہے کہ زخمیوں میں دو اسسٹنٹ کمشنرز بھی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک آواز سنی گئی جبکہ جائے وقوع پر دھواں اٹھتا ہوا بھی دیکھا گیا۔ ڈی آئی جی پولیس اظہر اکرام نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے میں 40 سے 50 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ کار علاقے میں داخل ہوتے ہی دھماکہ ہو گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں