سعودی عرب،نئے تعلیمی سال سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

ریاض(سی این پی)سعودی عرب نے نئے تعلیمی سال سے تمام اسکول، کالج اور جامعات کھولنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے نئے تعلیمی سال سے تمام سکول، کالج اور جامعات باقاعدہ کھولنے کی منظوری دے دی۔سعودی عرب میں نئے تعلیمی سال سے تمام تعلیمی اداروں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی جائے گی۔ وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی نے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد اس حوالے سے حتمی منظوری دی گئی، نئے تعلیمی سال سے ادارے کھل جائیں گے۔سعودی ایوان شاہی نے وزارت صحت اور وزارت تعلیم کو تعلیمی ادارے کھلونے اور لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی تھی، بعد ازاں دونوں وزارتوں نے مفاد عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے تعلیمی سال کے حوالے سے فیصلے کیے۔وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال سے تدریسی سرگرمیاں تعلیمی اداروں میں ہی ہوں گی، اساتذہ اور بڑے عمر کے طلبا کے لیے ویکسینیشن کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔حاضری کے وقت توکلنا اور تباعد ایپس کے ذریعے ویکسینیشن کا اسٹیٹس چیک کیا جائے گا۔ جبکہ مختلف تربیتی سینٹرز اور ادارے حاضری کے اوقات کار خود تیار کرنے کے مجاذ ہوں گے۔تعلیمی اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ نئے سال سے قبل تمام تر اقدامات یقینی بنائیں۔ سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبا کی کلاسوں میں حاضری کا طریقہ کار جاری کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں عمر کے حوالے سے زمرہ بندی ہوگی۔ جبکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے بچوں کو رعایت دی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں