بڑے بڑے ممالک گلوبل وارمنگ کو سنجیدہ نہیں لے رہے، وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ کیلئے اقدامات بہت ضروری ہیں، بڑے بڑے ممالک گلوبل وارمنگ کو سنجیدہ نہیں لے رہے، بل گیٹس جیسے لوگ کہہ رہے ہیں آج دنیا کا خیال نہ رکھا تو پھر کچھ کر نہیں سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ملک میں گرین فنانسنگ میں جدت سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ماحولیات کی بہتری،جنگلات لگانا آئندہ نسل کیلئے ضروری ہیں، ہمیں 10ارب درخت کے ہدف کو پوراکرنا ہے ، ملک میں نیشنل پارکس بڑھانا ،درخت اگانا بہت ضروری ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ صحرائی علاقوں میں بھی درخت لگانا وقت کی ضرورت ہے ، ماحولیات کی بہتری کیلئے چین نے حال میں بہت کام کیا ہے، ہمارے لئے فائدہ ہے کہ ہم نئی نئی تکنیک سے سیکھ سکتے ہیں ، درخت لگانے کیلئے بچوں میں آگاہی مہم خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بنگلادیش سے بھی اچھی ہے ، ہم نے اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کی قدر نہیں کی ، ماحول کی بہتری کیلئے اقدامات میں پاکستان لیڈ لے گا۔ان کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ کیلئے اقدامات بہت ضروری ہیں ، 20سال پہلے گلوبل وارمنگ پر بات کرنے پر لوگ ہنستے تھے ، ابھی بھی بڑے بڑے ممالک گلوبل وارمنگ کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔عمران خان نے مزید کہا اب جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے دنیا میں خوف بڑھنے لگا ہے ، دنیا کوخوف آنا شروع ہوا کہ اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا احساس نہیں کیا، بل گیٹس جیسے لوگ کہہ رہے ہیں آج دنیا کا خیال نہ رکھا تو پھر کچھ کر نہیں سکیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیۖنے1500سال پہلے جوکہاتھاوہ آج حقیقت ہے، نبیۖنے فرمایاکہ دنیاکیلئے ایسے جیوجیسے ہز ارسال جیناہے اور اپنے لئے ایسے جیو جیسے کل مرجانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں