کوروناویکسینیشن سے متعلق سعودی حکومت کی اہم وضاحت

ریاض(سی این پی)سعودی سیکریٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ العسیری نے کوروناویکسین کی دوسری خوراک میں تاخیر کی وجوہات عوام کے سامنے رکھ دیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ کا کہنا ہے کہ وزارت صحت نے ویکسین کی دوسری خوراک میں تاخیر کا فیصلہ کئی وجہ سے کیا ہے، اول یہ کہ وزارت رواں سال جولائی کے آخر تک 18 سال سے زائد عمر کے 70 فیصد افراد(مقامی وغیرملکی) کو ویکسین کی پہلی خوراک دینا چاہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین ماہ کے دوران ویکسین کی دوسری خوراک انتہائی خطرات سے دوچار زمروں کو فراہم کی جائے گی، وزارت صحت کا مقصد خطرات سے دوچار افراد کو اولین بنیاد پر تحفظ فراہم کرنا ہے۔خیال رہے کہ مذکورہ بالا زمروں میں 60 برس اور اس سے زیادہ عمر والے، گردہ فیل ہوجانے والے مریض، ایکٹیو کینسر کے مریض، انتہائی موٹاپے کے مرض میں مبتلا افراد اور اعضا کی پیوند کاری کرانے والے شامل ہیں۔سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ ماہرین اگر کچھ اور زمروں کو بھی آئندہ مناسب سمجھیں گے تو انہیں بھی شامل کردیا جائے گا، مملکت کورونا ویکسینوں کی عالمی رسد کے غیریقینی ماحول میں کام کررہا ہے اور اس کی کوشش ہےکہ وبا کو ختم کرانے کے لیے پورے معاشرے کا ضروری مدافعتی نظام مضبوط ہوجائے۔انہوں نے امید دلائی کہ آئندہ چند ہفتوں میں ویکسین کی دوسری خوراک کی تاریخوں کا اعلان ممکن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں