90 سالہ خاتون کرونا کی دو اقسام سے متاثر! ماہرین نے پھر خطرے کی گھنٹی بجادی

برسلز(سی این پی)سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایک انسان کے جسم پر کرونا وائرس کی دو الگ الگ اقسام بھی حملہ آور ہوسکتی ہیں، جو انتہائی فکر انگیز بات ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیلجیئم سے تعلق رکھنے والی 90 سالہ خاتون کی کرونا وائرس کی دو اقسام سے متاثر ہونے کے باعث موت ہوگئی، جس نے سائنسدانوں کو فکر میں مبتلا کردیا ہے کہ کویوڈ کی الگ الگ قسم سے متاثرہ شخص پر ویکسین کتنی اثر انداز ہوگی۔سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ 90 سالہ خاتون برطانوی قسم الفا اور جنوبی افریقی قسم بیٹا ویریئنٹ سے متاثر ہوئیں تھی، جس کے باعث یہ شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں دو الگ الگ لوگوں سے وائرس منتقل ہوا۔90 سالہ خاتون کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈبل انفیکشن کو لے کر کئی طرح کے سوالات کھڑے ہوئے ہیں اور ساتھ ہی ویکسین سے متعلق بھی تحقیق شروع ہوگئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی موت مارچ میں ہوئی تھی، وہ اپنے گھر میں اکیلی رہتی تھیں اور جب انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تو ان کی حالت ٹھیک تھی لیکن پانچ روز بعد خاتون کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی اور انہیں سانس لینے میں شدید دشواری ہورہی تھی۔خاتون کا سانس کی تکلیف کے باعث ٹیسٹ کیا گیا تو پتہ چلا کہ خاتون کو کرونا کی دو اقسام سے متاثر ہیں۔ میڈیا کے مطابق بیلجیئم میں ان دنوں یہ دونوں (الفا اور بیٹا) پھیل رہے تھے، ممکن ہے کہ خاتون کو دو الگ الگ لوگوں سے الگ الگ وائرس کا انفیکشن ہوا ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں