کیپٹل سمارٹ سٹی میگا سکینڈل ، چشم کشا انکشافات منظر عام پر آگئے

متنازع اراضی حاصل کرکے کیپٹل سمارٹ سٹی نے اوورسیز پرائم بلاک کے نام پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اربوں روپے بٹورے
زاہدہ جاوید اسلم نے برطانیہ سے مختانامہ خاص بھجوایا، جو سب رجسٹرار آفس میں رجسٹرڈ ہے اور نہ ہی فارن آفس سے تصدیق شدہ ہوتا ہے
یکطرفہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد ایس ای سی پی سے اجازت حاصل کی جاتی ہے نہ چیف ایگزیکٹو کو کانوں کان خبر ہونے دی جاتی ہے
دستیاب دستاویزی ثبوتوں کے مطابق ایک ہی فرد مبینہ فروخت کنندہ کا مختار خاص ہے اور وہی خریدار فیوچر ڈویلپمنٹ کا نمائندہ بھی ہے

راولپنڈی (اشفاق خان مغل ) کیپٹل سمارٹ سٹی میگا سکینڈ ل ،جعلی انتقالات کے ذریعے محتاط اندازے کے مطابق اوورسیزپاکستانیوں سے اربوں روپے کا فراڈکا انکشاف،نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کی تاریخ کے بڑے سکینڈل کے بارے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں ذرائع کے مطابق کیپٹل سمارٹ سٹی کی متنازع اراضی واقع موضع چہان چکری روڈ راولپنڈی( 2145کنال 9مرلہ) کے 7701٫7702 انتقالات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوراولپنڈی ( اے ڈی سی آر ) نے منسوخ کردیئے ہیں محتاط اندازے کے مطابق متنازع اراضی حاصل کرکے فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز نے اپنے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کے اوورسیز پرائم بلاک کی بکنگ اور اقساط کے نام پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اربوں روپے بٹورے ،ذرائع کے مطابق سیمنٹل ایسوسی ایٹ کے چیف ایگزیکٹو اسلم ملک جوبیرون ملک مقیم ہیں اور مذکورہ اراضی جس پر اس وقت کیپٹل سمارٹ سٹی کا اوورسیزپرائم بلاک نہ صرف بن چکا ہے بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوفروخت بھی ہو چکا ہے اسکے مالک ہیں ۔سیمنٹل ایسوسی ایٹ کے چیف ایگزیکٹواسلم ملک کی اراضی فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز( کیپٹل سمارٹ سٹی) نے پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک چوہدری فرخ رضا کے ذریعے حاصل کی ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے فیصلے کی روشنی میں اگر دیکھیں تو اسلم ملک کی 2145کنال 9مرلے اراضی جسکے انتقالات نمبر 7701,7702ہیں چوہدری فرخ رضا نے جعلی سازی کرکے محکمہ مال کے اہلکاروں کی معاونت سے ہتھیاکر فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز(کیپٹل سمارٹ سٹی ) کے نام منتقل کروائی اور اہم بات یہ ہے کہ فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز نے اپنے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کا آغازاسی متنازع اراضی سے کیا ۔دستیاب دستاویزی ثبوتوں کی روشنی میں زاہدہ جاوید اسلم جو کہ لندن میں مقیم ہے سے چوہدری فرخ رضا نے مختارنامہ حاصل کیا ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ زاہدہ جاوید اسلم نے برطانیہ سے مختانامہ بھجوایا اور چوہدری فرخ رضا کا مختار نامہ سب رجسٹرار آفس راولپنڈی میں رجسٹرڈ ہوتا ہے اور نہ ہی فارن آفس اسلام آباد سے تصدیق شدہ ہوتا ہے ۔مبینہ طور پر جعلی مختار خاص بننے کے بعد چوہدری فرخ رضا کی جانب سے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں مذکورہ کمپنی کے شیئرز کے حوالے سے کیس دائر کیا ۔اہم بات یہ ہے کہ سیمنٹل ایسوسی ایٹ کے چیف ایگزیکٹو اسلم ملک جومحکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق اراضی کے حقیقی مالک ہیںانکو کانوں کان خبر ہونے دی جاتی ہے اور نہ ہی ایس ای سی پی سے اجازت نامہ (این او سی ) حاصل کیا جاتا ہے ،یکطرفہ ڈگری جس میں اراضی کے حوالے سے کوئی ذکر موجود نہیں بلکہ مذکورہ ڈگری مذکورہ کمپنی کے شیئرز کے بارے میں تھی ،یکطرفہ ڈگری کے حصول کے بعد چوہدری فرخ رضا نے محکمہ مال کے دو اہلکاروں پٹواری شبیر حسین اور نائب تحصیلدار ملک صفدر موضع چہان راولپنڈی کی معاونت سے 29 مئی 2018کو سیمنٹل ایسوسی ایٹ کی ملکیتی زمین کے جعلی انتقالات درج کئے گئے ،جبکہ امیگریشن ریکارڈاور ذرائع کے مطابق اراضی کی مبینہ مالکن زاہدہ جاوید اسلم مورخہ یکم جون 2018کو ایک دن کیلئے پاکستان آتی ہیں اور اگلے روز2جون 2018کو لندن واپس چلی جاتی ہے جسکے واضح سفری دستاویزی ثبوت ہم نے حاصل کررکھے ہیں ۔زمین کی مبینہ فروخت کنندہ زاہد ہ جاوید اسلم انتقالات کے دن پاکستان میں موجودہی نہیں ہوتیں بلکہ وہ لندن میں ہوتی ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ دستیاب دستاویزی ثبوتوں کے مطابق چوہدری فرخ رضا ایک طرف خود کو زاہدہ جاوید اسلم (مبینہ فروخت کنندہ )کا مختار خاص ہے تو دوسری طرف مقدمہ کی پیروی اورخریدار(فیوچر ڈویلپمنٹ ایسوسی ایٹ) کا نمائندہ بن کر اراضی کے انتقالات میں معاون ہے ۔یعنی اراضی فروخت کرنے والی خاتون اور خریدارکمپنی کا نمائندہ ایک ہی ہے جنکا نام ہے۔اس حوالے سے فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کمپنی کے ذمہ داران اور انکے نمائندے چوہدری فرخ رضا سے موقف جاننے کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت گوارہ نہ کی ،اگر مذکورہ کمپنی اور چوہدری فرخ رضا اس اہم مسئلے کے حوالے سے موقف دینا چاہیں تو انکا موقف ادارہ من وعن شائع کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں