بھارت کشمیرمیں عائد پابندیاں ختم اورگرفتارافراد کورہا کرے، ہیومن رائٹس واچ

نیویارک(سی این پی) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ جموں وکشمیرمیں سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، فوجی کارروائیاں ختم کرے اور انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز بحال کرے۔تفصیلات کے مطابق ہیومن رائٹس واچ جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دوماہ سے جب سے بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی آئینی خودمختاری ختم کی اور ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کردیا، علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی سمیت سخت پابندیاں عائد ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت سے غیر ملکی رہنمائوں نے کشمیری رہنمائوں کی مسلسل نظربندی، احتجاجی مظاہروں پر پابندی، لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور بھاری تعداد میں فوجیوں کی تعیناتی کے باعث نقل وحرکت پر قدغنوں، ہنگامی طبی امداد سمیت عوامی خدمات میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ان کے مطابق بھارت کہتا ہے کہ پابندیوں سے لوگوں کی زندگیوں کو بچایاگیا اور امن وامان کو قائم رکھا گیا ہے، لیکن بھارتی فورسز کے ہاتھوں فائرنگ کا نشانہ بننے اور گرفتاری کے خوف سے وادی کشمیرمیں تمام دکانیں بند اور کلاس روم خالی پڑے ہیں۔میناکشی گنگولی نے کہا کہ انتظامیہ سفارتکاروں، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے صحافیوں، بھارت کے سماجی کارکنوں اور حزب اختلاف کے سیاست دانوں کو علاقے کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ کو ظالمانہ کارروائیوں کا خاتمہ کرنا چاہیے اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر فورسز اہلکاروں سے جواب طلب کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں