صدر مملکت نے دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کردیا

دبئی (سی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، دبئی ایکسپو 2020 خطے اور دیگر ممالک کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ روابط اور شراکت داری قائم کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو دبئی میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کے دوران کیا۔صدرمملکت نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اور وزیر اعظم کو دبئی ایکسپو 2020 کے کامیاب افتتاح پر مبارکباد دی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایکسپو 2020 نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ پورے خطے کے لیے ایک اہم ایونٹ ہے، دبئی ایکسپو 2020 خطے اور دیگر ممالک کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ روابط اور شراکت داری قائم کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گا۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور ایکسپو مینجمنٹ ٹیم کی زبردست کوششوں کو سراہا جو دنیا کی سب سے زیادہ متنوع اور وسیع پیمانے پر حصہ لینے والی نمائش کا اہتمام کررہے ہیں ، جو چھ ماہ تک لگائی جائے گی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم کو پاکستان پویلین کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پاکستان پویلین پاکستان کے پوشیدہ اور دریافت شدہ خزانوں کی نمائش کرے گا۔صدر مملکت نے اماراتی وزیرِ اعظم کو متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی تقریبات پر بھی مبارکباد دی اور کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے اپنے ملک کو علاقائی تجارت ، ٹرانسپورٹ ، لاجسٹکس ، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے مرکز میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور شیخ رشید المکتوم نے افغانستان کی صورتحال سمیت دو طرفہ اور علاقائی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر مملکت نے وزیراعظم کو بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی مسلح افواج کی طرف سے کشمیری مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل اور صریح خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو اعاد ہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں قریبی اور گہرے تعاون کی خواہش کا اعادہ کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دو طرفہ دورہ کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد انہوں نے دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں