کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہوں گے، فاروق حیدر

مظفرآباد(سی این پی)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کے حوصلے بلند ہیں، کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے شیخ خلیفہ زید اسپتال مظفرآباد کا دورہ کیا، وزیراعظم نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی افراد کی عیادت کی۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی افراد کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ایل اوسی کے اس پار ہمارے بھائی قربانیاں دے رہے ہیں، بھارتی فوج جان کرمعصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، پاک فوج کبھی ایل اوسی کے اس پارشہری آبادی پر فائرنگ نہیں کرتی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کے حوصلے بلند ہیں، کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہوں گے۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید فائرنگ اور گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں