وزیراعظم کا سیرت طیبہ کی روشنی میں نصاب میں تبدیلیاں متعارف کرانے پر زور

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے سیرت طیبہ کی روشنی میں نصاب میں تبدیلیاں متعارف کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مثبت تبدیلیوں کیلئے نبی ۖکی شاندار روایات پر عمل کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت رحمت اللعالمین اتھارٹی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں عمران خان نے کہا کہ ہمیں مثبت تبدیلیوں کیلئے نبی ۖکی شاندار روایات پر عمل کرنا ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کامقصد نوجوان نسل میں اخلاقی اقداربیدار کرنا ہے، نوجوانوں کوغیر اخلاقی اجنبی ثقافت کے حملے سے بچانے کی فوری ضرورت ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ دور میں نوجوانوں کوہر طرح کے غیر اخلاقی مواد تک رسائی حاصل ہے،تحقیق کی جائے کس طرح ٹیک سیوی نوجوانوں کی کردار سازی کویقینی بنایا جاسکتا ہے۔اجلاس میں وزیراعظم نے سیرت طیبہ کی روشنی میں نصاب میں تبدیلیاں متعارف کرانے پر زور دیا۔خیال رہے صدر مملکت عارف علوی نے رحمت للعالمین اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کیا تھا ، جس کے تحت وزیر اعظم رحمت للعالمین ۖاتھارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے جبکہ اتھارٹی چیئرمین اور6 ارکان پر مشتمل ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں