نواز شریف، مریم کو نشانہ بنانے کے پس پردہ سازش بے نقاب ہوئی، شہباز شریف

اسلام آباد(سی این پی)شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو نشانہ بنانے کے پس پردہ سازش بے نقاب ہوئی، اللہ تعالی کا سچائی منکشف کرنے کا اپنا طریقہ ہے، خبر عوامی عدالت میں دونوں کی بے گناہی کا ایک اور ثبوت ہے۔ ادھر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ میرے متعلق رپورٹ ہونے والی خبر حقائق کے منافی ہے، رانا شمیم بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان عہدے کی ایکسٹینشن مانگ رہے تھے جو میں نے منظور نہیں کی، ایک مرتبہ رانا شمیم نے مجھ سے ایکسٹینشن نہ دینے کا شکوہ بھی کیا تھا، سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں، ہر ایک جھوٹی اور من گھڑت بات کا رد عمل دینا دانشمندی نہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ لوگ نواز شریف کو مظلوم ثابت کرانے کی مہم چلا رہے ہیں، بیوقوفانہ کہانیوں کے بجائے نواز شریف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس سے متعلق جواب دیں، یہ بتائیں مریم نواز کی ملکیت میں دیئے گئے اپارٹمنٹس کے پیسے کہاں سے آئے، اربوں کی جائیداد سامنے آچکی، اس کا جواب دیا جائے۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری سالک حسین کو بھی فون کیا۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی اور تندرستی کے لئے دعا کی۔شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور نیک تمنائوں کا پیغام دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں