تبدیلی سرکار جب سے اقتدار میں آئی ہے ملک توانائی بحران کا شکار ہے،امتیاز شیخ

کراچی(سی این پی)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کہتے ہیں غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، تبدیلی سرکار جب سے اقتدار میں آئی ہے ملک مسلسل توانائی بحران کا شکار ہے۔گیس بحران پر اپنے ردعمل میں امتیاز احمد شیخ کا کہنا تھا کہ عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے غریب افراد ہوٹل اور تندور سے کھانا اور روٹی خریدنے سے قاصر ہیں، کیپیٹو پاور کمپنیاں، صنعتیں اور سی این جی سیکٹر کو گیس کی بندش سے ہزاروں افراد بیروزگار ہو رہے ہیں، گیس بندش سے قومی خزانے اور صنعتکاروں کو بھاری نقصان کا بوجھ اٹھانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا ایل این جی کی خریداری اورگیس ٹرمنل کے بارے میں مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، تبدیلی سرکار جب سے اقتدارمیں آئی ہے ملک مسلسل توانائی بحران کا شکار ہے۔ مارچ، اپریل کے مہینے میں نومبر،دسمبر کے لیے 8 ڈالر میں ایل این جی دستیاب تھی، تاخیر سے ٹینڈر کرنے کی وجہ سے ملکی تاریخ کے مہنگے ترین ایل این جی کے سودے کیے گئے، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ایل این جی کی خریداری 30ڈالر ایم ایم سی ایف ڈی پر کی گئی۔امتیاز شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مہنگی ایل این جی کے سودے کرنے کے باوجود غیر ملکی کمپنیاں آرڈر منسوخ کررہی ہیں، ملکی تاریخ میں قوم کو اتنے بحرانوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا جتنا سونامی کے اقتدار میں آنے کے بعد کرنا پڑرہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں