جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر سوالات اٹھا دیئے

سیئول(سی این پی)جنوبی کوریا نے گزشتہ روز شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے میزائل تجربے سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ یہ تجربہ مبالغہ آمیز ہے۔اس حوالے سے جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کا رواں ہفتے ہائپر سونک میزائل کامیابی سے لانچ کرنے کے دعوے میں مبالغہ آرائی سے کام لیا گیا۔یہ بات وزارت دفاع نے بدھ کو لانچ کیے گئے میزائل کے ابتدائی تجزیے کے نتائج کے بعد کہی۔ ترجمان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تجزیے سے پتا چلا ہے کہ میزائل نے شمالی کوریا کے دعویٰ کردہ سات سو کلومیٹر سے کم پرواز کی۔تجزیے کے مطابق میزائل کی رفتار آواز کی رفتار سے پانچ گنا سے متجاوز ضرور ہوئی جو ہائپر سونک باور کی جاتی ہے تاہم پرواز کے دوران اس نے رفتار کی یہ سطح برقرار نہیں رکھی۔وزارت دفاع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میزائل نے شمالی کوریا کے دعوے کے برعکس دائیں بائیں حرکت پذیری کا مظاہرہ بھی نہیں کیا۔تجزیے میں کہا گیا ہے یہ میزائل غالباً اُس قسم کا تھا جس کی نقاب کشائی گزشتہ سال اکتوبر کی فوجی نمائش میں کی گئی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ سال ماہ اکتوبر میں شمالی کوریا نے ایٹمی صلاحیت کے حامل سپر سونک میزائل اور کروز میزائل کے تجربات کیے تھے تاہم اس بار بیلسٹک میزائل کے تجربے کیے گئے ہیں۔دوسری جانب شمالی کوریا کا واضح طور پر کہنا ہے کہ جب تک امریکہ پیانگ یانگ کے خلاف اپنی مخالفانہ پالیسی کو ترک نہیں کرتا اس وقت تک اپنے جوہری اور میزائل پروگرام کو جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں