مری واقعہ پر انکوائری کمیٹی تشکیل، ذمہ داروں کیخلاف ایکشن ہوگا، عثمان بزدار

لاہور(سی این پی)وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مری واقعہ پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے، کوتاہی یا غفلت کے ذمہ داروں کیخلاف ایکشن ہوگا، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بیان میں کہا کہ مری واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔ انہوں نے مری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ، بارشوں اور دیگر واقعات کے باعث عمارتیں گرنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا۔عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے 3 کروڑ 35 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے ناگہانی واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی امداد کسی زندگی کا مداوا نہیں، غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، مری واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ 76 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں