کابل،طالبان پر اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرنیوالی خواتین پر مرچوں کااسپرے کرنے کا الزام

کابل(سی این پی)کابل میں احتجاجی مظاہرہ کرنے والے خواتین نے طالبان کی جانب سے کالی مرچوں کا اسپرے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں خواتین تعلیم اور ملازمت کے حقوق کے لیے احتجاج کررہی تھیں کہ اس دوران طالبان نے انہیں منتشر کرنے کے لیے کالی مرچوں کا اسپرے کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق کابل یونیورسٹی کے سامنے کچھ خواتین کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس میں انہوں نے مساوات اور انصاف کی فراہمی کے نعرے لگائے جب کہ انہوں نے خواتین کے حقوق کے بینرز بھی اٹھارکھے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چند گاڑیوں میں سوار طالبان جنگجو علاقے میں پہنچے اور احتجاج کرنے والی خواتین کو منتشر کرنے کے لیے اسپرے کیا۔میڈیا کے مطابق احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ تین گاڑیوں میں سوار طالبان جنگجوئوں نے انہیں احتجاج سے روکنے کے لیے ان پر کالی مرچوں کا اسپرے کیا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس کابل پر کنٹرول کے بعد طالبان کی جانب سے افغانیوں بالخصوص افغان خواتین پر متعدد پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں