جذبہ خیر سگالی کے تحت 20 بھارتی ماہی گیر لانڈھی جیل سے رہا

کراچی(سی این پی)جذبہ خیر سگالی کے تحت 20 بھارتی ماہی گیر قیدیوں کو کراچی کی لانڈھی جیل سے رہا کردیا گیا، قیدیوں کو لاہور میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔رہا ہونے والے بھارتی ماہی گیر مختلف وقتوں میں پاکستانی سمندری حدود سے غیر قانونی مچھلی کا شکار کرنے پر گرفتار ہوئے تھے اور لانڈھی جیل میں سزا کاٹ رہے تھے، ماہی گیروں کے تمام سفری اخراجات ایدھی فائونڈیشن برداشت کر رہا ہے۔قیدیوں کو بذریعہ بس لاہور منتقل کیا جائے گا، ڈپٹی جیل سپریٹنڈنٹ کے مطابق پاکستانی جیلوں میں 588 بھارتی ماہی گیر قیدی موجود ہیں، 42 کے کیسز چل رہے ہیں، 516 سزایافتہ قیدی ہیں، یاد رہے بھارتی جیلوں میں بھی 620 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں، پاکستانی ماہی گیروں کی رہائی کے لیے بھارتی حکام کو اقدامات کرنے چاہئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں