بینظیر، نواز شریف اور عمران خان کیلئے محنت کی تو انکی حکومتیں بنیں، گورنر پنجاب

لاہور(سی این پی)گورنر پنجاب چوہدری سرور نے سارے تمغے خود ہی اپنے سینے پر سجاتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ بینظیر، نواز شریف اور عمران خان کے لیے محنت کی تو ان کی حکومتیں بنیں۔چوہدری سرور نے گورنر ہائوس پنجاب میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیشمار مسائل ہیں انہیں حل کرنے کی ضرورت ہے، معیشت کی بحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ساتھ چلنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کے لیے یورپین یونین میں بہت محنت کی، ہمیں 2023 تک جی ایس پی پلس کی سہولت میسر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صاف پانی کی فراہمی میری ترجیحات میں شامل ہے، وہ دن دور نہیں جب پورے پنجاب میں پینے کا صاف پانی میسر ہو گا۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب میں نے بینظیر بھٹو اور نواز شریف کے لیے محنت کی اور انہوں نے حکومت بنائی۔انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے الیکشن میں عمران خان کی سپورٹ کی جس کے بعد تحریک انصاف نے حکومت بنائی۔چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ میرے سیاسی مستقبل کا فیصلہ جن کے ساتھ ہوں وہ ہی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں