اردن آنے پر پی سی آرٹیسٹ کی شرط ختم

اومان(سی این پی) اردن میں کرونا وائرس سے متعلق بیشتر پابندیاں ختم کردی گئیں جن میں اردن آنے والے افراد پر پی سی آر ٹیسٹ کی پابندی بھی شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اردن نے کرونا وبا کی موجودہ لہر ختم ہوتے ہی بچائو کے لیے مقررہ بیشتر پابندیاں ختم کردی ہیں، حکومتی ترجمان فیصل الشبول کا کہنا ہے کہ باہر سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔علاوہ ازیں کرونا وائرس کے مریضوں سے ملنے والوں پر قرنطینہ کی پابندی ختم کردی گئی، اب بیرون ملک سے آنے والے اردنی شہریوں اور غیر ملکیوں میں سے کسی سے بھی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ طلب نہیں کی جائے گی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ تقریبات، اجتماعات اور سماجی پروگراموں میں شرکت کے لیے کرونا ٹیسٹ کی پابندی بھی ختم کردی گئی، البتہ سرکاری اور نجی اداروں میں جانے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکوں کا ہونا لازمی ہے۔کووڈ 19 کے مریضوں کی آئسولیشن کا دورانیہ بھی کم کرکے 5 روز کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق تمام اسکول باقاعدہ کھولے جائیں گے، اساتذہ اور طلبہ سب اسکولوں میں ہی پڑھنے اور پڑھانے کا عمل شروع کریں گے۔اگر کوئی طالب علم متاثر ہوگا تو اس صورت میں اسے 5 روز کے لیے گھر میں آئسولیٹ کردیا جائے گا اور 5 دن بعد وہ اسکول واپس آجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں