دنیا بھر میں ایک اور بڑا مالیاتی اسکینڈل منظر عام پر آ گیا

بوسنیا(سی این پی)دنیا بھر میں ایک اور بڑا مالیاتی اسکینڈل منظر عام پر آ گیا۔آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پروجیکٹ (او سی سی آر پی)نے 100 ارب ڈالرز سے زائد کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات جاری کردیں۔او سی سی آر پی کی جانب سے جاری تحقیقاتی رپورٹس میں دنیا بھر کے بدعنوان سیاستدانوں اور آمروں کے سوئس بینک اکائونٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔دنیا بھرکے جرائم پیشہ افراد اور جاسوسوں کے سوئس بینک اکائونٹس کی بھی تفصیلات شامل ہیں اور یہ مجموعی طورپر18 ہزاربینک اکائونٹس کی تفصیلات سامنے لائی گئی ہیں۔ان اکائونٹس میں موجود رقوم کی مالیت 100 ارب ڈالرز ہے اور یہ رقم پاکستانی روپے میں 17 ہزار 600 ارب روپے بنتی ہے۔مالیاتی اسکینڈل سوئس سیکریٹس کے مطابق زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کے مخالفین کو کچلنے کیلئے ایک بینک نے 10 کروڑ ڈالرز کی رقم دی۔سابق مصری آمر حسنی مبارک اور سابق مصری انٹیلی جینس چیف عمر سلیمان کے بھی اکائونٹس نکلے۔اس کے علاوہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے سوئس اکائونٹس کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔رپورٹس کے مطابق قازقستان کے صدر نے 1998 میں بطوروزیرخارجہ 10 لاکھ ڈالرسوئس اکائونٹ میں جمع کرائے جبکہ قازقستان کے صدر نے برٹش ورجن آئی لینڈزمیں آف شورکمپنیاں بنائیں، یہ اثاثے 50 لاکھ ڈالر کے تھے۔قازقستان کے صدر نے امریکا اور روس میں 77 لاکھ ڈالرز کے اپارٹمنٹس بھی خریدے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں