اسرائیلی وزیراعظم کی پیوٹن سے 3 گھنٹے طویل ملاقات، یوکرینی صدر کو بھی فون

ماسکو(سی این پی)اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے روسی صدر کو یوکرین بحران پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق نفتالی بینیٹ نے ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے تین گھنٹے کی طویل ملاقات کی۔ یوکرین نے اسرائیل سے ماسکوکے ساتھ بات چیت کی درخواست کی تھی۔اسرائیلی عہدیدار کے مطابق ملاقات میں یوکرین کی صورت حال کے مختلف پہلوئوں پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں ویانا میں ایران جوہری مذاکرات میں پیشرفت بھی زیربحث آئی۔اس کے علاوہ اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ دورے کیلئے امریکا، جرمنی اور فرانس کی معاونت حاصل تھی جبکہ صدر پیوٹن سے ملاقات کے بعد اسرائیل وزیراعظم نے یوکرینی صدرکوفون کیا۔دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ ملک میں مارشل لا لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، مارشل لا کی ضرورت اس وقت ہوتی ہے جب ملک کو بیرونی جارحیت کا سامنا ہو۔پیوٹن کا کہنا تھا کہ یوکرین میں ہر چیز منصوبے کے مطابق چل رہی ہے اور جو ملک یوکرین کی فضائی حدودکونوفلائی زون قراردیگا وہ تنازع میں شامل ہو جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں