آصف زرداری اوربلاول نے ایم کیو ایم کے مطالبات مان لیے

کراچی(سی این پی)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول نے ایم کیو ایم کے نکات مان لیے تاہم ایم کیو ایم نے فی الحال پیپلز پارٹی کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کا وفد پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کیلئے زرداری ہاؤس پہنچا ، ایم کیو ایم وفد کو زرداری ہاؤس کی گاڑیوں میں لایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم وفد میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان ، امین الحق اور دیگر رہنما شامل تھے، ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کی انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، آصف زرداری نے ایم کیو ایم وفد کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اوربلاول نے ایم کیو ایم کے نکات کو مان لیا اور کمیٹیاں تشکیل دے دی، کمیٹیاں نکات پر پیشرفت اورعمل کے لیے اقدامات اور روڈ میپ تیار کریں گے۔ذرائع پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کی ترقی اورخوشحالی کیلئے ملکر چلنا ہوگا، آئینی طریقے سے جو چیزیں بہتر کی جاسکتی ہیں ان کو کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق فضل الرحمان اور شہبازشریف نے پی پی اور ایم کیوایم میں مفاہمت کیلئے کردارادا کیا، ایم کیو ایم کے زیادہ مسائل سندھ خصوصاً شہری علاقوں سے متعلق تھے اور ایم کیو ایم کو بلدیاتی نظام اور اداروں سے متعلق شکایات تھیں۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزرا کو خصوصی طور پر ملاقات میں بلایا گیا تھا۔ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اراکین پر مبنی کمیٹی کے نام سامنے آگئے ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں جاوید حنیف ، کنور نوید اور خواجہ اظہار الحسن شامل ہیں جبکہ پی پی سے مرتضیٰ وہاب ،سعیدغنی ،جام شورو شامل ہیں، کمیٹی مشاورت کیساتھ لائحہ عمل،نکات پرعملدرآمد کا فارمولہ بنائے گی۔ذرائع ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم نے فی الحال پیپلز پارٹی کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی ، ملاقات میں بات اور زرداری ،بلاول بھٹو کی یقین دہانیوں پر مشاورت کریں گے ، پارٹی میں مشاورت کے بعد ایم کیو ایم اپنا حتمی فیصلہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں