شاہ محمود اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور، بابر اعوان کے اعتراضات مسترد

اسلام آباد(سی این پی)قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے شاہ محمود قریشی اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے، شہباز شریف پر بابر اعوان کے اعتراضات مسترد کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد وزارت عظمیٰ کے منصب کے لیے متحدہ اپوزیشن اور پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد امیدواروں کے کاغذات منظور کر لیے گئے ہیں۔ن لیگ نے شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا، تاہم شاہ محمود کے وکیل بابر اعوان نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا اور کہا شہباز شریف کرپشن مقدمات میں نامزد ہیں، اس لیے وہ وزارت عظمیٰ کے اہل نہیں۔تاہم تحریک انصاف کی جانب سے لگائے گئے تمام اعتراضات مسترد کر دیے گئے، اسپیکر چیمبر میں شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھانے کے دوران تلخ کلامی بھی ہوئی، تلخ کلامی لیگی رہنما احسن اقبال کی بابر اعوان اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہوئی۔شاہ محمود کے وکیل بابر اعوان نے اعتراضات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف کرپشن مقدمات میں ضمانت پر رہا ہیں، ان کی نامزدگی پر اعتراض 100 فی صد درست اور قانونی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں