بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد(سی این پی)الیکشن کمیشن نے بلوچستان حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی پاس کردہ قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے مؤقف اختیار کیا کہ بلوچستان اسمبلی نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد پاس کی ہے۔جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخاب میں تاخیر نہیں ہو سکتی، بلوچستان اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں۔بلوچستان حکومت کے وکیل نے کہا کہ انتخابی فہرستیں بن گئیں ان کےلیے نئی حلقہ بندیاں ضروری ہیں کیوں کہ اب بلوچستان کی آبادی بھی بڑھ گئی ہے، جس پر اسپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ بلوچستان میں حلقہ بندیاں مکمل ہو چکی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم کس قانون کےتحت بلدیاتی انتخابات میں تا خیر کر سکتے ہیں؟ مردم شماری حلقہ بندیوں کامعاملہ سپریم کورٹ میں زیربحث لایا گیا اور سپریم کورٹ نے واضح ہدایت کی کہ بلدیاتی الیکشن ہر صورت کرانے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اگر صوبائی حکومت بہانہ بناتی ہے تو ہم سپریم کورٹ سے کہہ دیں گے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات میں مدد نہیں کررہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں