وزیرخارجہ بلاول بھٹو ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے آج ڈیووس روانہ ہوں گے

اسلام آباد(سی این پی)وزیرخارجہ بلاول بھٹو ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے آج ڈیووس روانہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹوآج سے26مئی تک سوئٹزرلینڈکادورہ کریں گے ، جہاں وہ ڈیووس میں ورلڈاکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران وزیرمملکت خارجہ امورحناربانی کھر بھی بلاول کے ہمراہ ہوں گی۔دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیرخارجہ عالمی اورعلاقائی مسائل پرورلڈاکنامک فورم کی متعدد تقریبات میں شرکت کریں گے ، جس میں وبائی امراض، خوراک اور توانائی کے تحفظ سمیت موسمیاتی تبدیلی سے پیدا چیلنجز کےبارےمیں پاکستان کا نقطہ نظرپیش کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو دورے کے دوران مختلف ملکوں کےوزرائےخارجہ سےبھی ملاقات کریں گے۔ورلڈ اکنامک فورم ہر سال سیاسی اور کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی اور دنیا بھر سے نوجوانوں کی نمائندگی کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ معاشی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے راہوں کی نشاندہی کی جا سکے۔وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان بھی عالمی اقتصادی فورم میں ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے عالمی برادری سمیت پاکستان پر اثرات کے حوالے سے ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گی۔موسمیاتی تبدیلی ایک اہم ایجنڈا ہے ، جو ملک میں موجودہ گرمی کی لہروں اور برفانی جھیلوں کے پھٹنے والے سیلاب کے واقعات کے لیے بھی انتہائی موزوں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں