وزیراعلیٰ پنجاب نے فلور ملوں کیلئے گندم کا سرکاری کوٹہ ڈبل کر دیا

لاہور(سی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہی نے گندم و آٹا کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فلور ملوں کیلئے گندم کا یومیہ سرکاری کوٹہ بڑھا کر ڈبل کردیا ۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں روزانہ 10 کلو آٹے کے 18 لاکھ 40 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر دستیاب ہوں گے، فلور ملوں کو ان کے اپنے مطالبے سے زیادہ 26 ہزار ٹن سرکاری گندم کل سے جاری کی جا رہی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں سیل پوائنٹس کو بھی دوگنا کر دیا گیا ہے، سرکاری کوٹہ بڑھنے سے نجی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کے تحت عام آدمی کو سبسڈی دے رہے ہیں تا کہ شہروں اور دیہات تک بھی یہ فائدہ پہنچ سکے ۔
ان کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کو گندم کی سستے داموں فراہمی کے لئے پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جارہی ہے ، پنجاب حکومت احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگو ں کوپہلے ہی آٹے کی سستے داموں فراہمی یقینی بنا رہی ہے -چودھری پرویز الہی نے کہا کہ آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی حاصل کرنے کے لئے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے احساس پروگرام میں شمولیت کی جا سکتی ہے ،صوبائی و ضلعی سطح پر عوام کو مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں