شامی تیل کے تحفظ کا امریکی منصوبہ، روس کی کڑی تنقید

ماسکو(سی این پی) امریکا شامی تیل کے تحفظ کے لیے نیا منصوبہ تیار کررہا ہے جبکہ روس نے امریکا پر شام میں تیل کے تحفظ کے نام پر ڈکیتی کا الزام عائد کردیا۔تفصیلات کے مطابق ماسکو حکام نے امریکا پر شام میں تیل کی تنصیبات کے تحفظ کے نام پربین الاقوامی ڈکیتی کا الزام عائد کیا ہے، جس کا مقصد تیل پر قبصہ کرنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اس وقت جو کچھ کررہا ہے، وہ مشرقی شام میں آئیل فیلڈز پر قبضہ اور انہیں اپنے کنٹرول میں لانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سادہ لفظوں میں بین الاقوامی ڈکیتی ہے، شام میں ہائیڈرو کاربن کے تمام ذخائر داعش کے دہشت گردوں کی ملکیت نہیں ہیں اور یہ تمام داعش کے دہشت گردوں کے مدافعین کے بھی نہیں بلکہ صرف اور صرف شامی عرب جمہوریہ کے ملکیتی ہیں۔امریکا میں ری پبلیکن پارٹی کے رکن کانگرس لینڈسے گراہم کا گذشتہ روز کہنا تھا کہ امریکا شام کے تیل کے تحفظ کے لیے نیا منصوبہ تیار کررہا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ امریکی فوجی کمانڈر ایک ایسا منصوبہ مرتب کررہے ہیں جس کے تحت شام میں داعش کو دوبارہ ابھرنے سے روکنا اور شام کے تیل کو ایران یا عسکریت پسند گروپ کے ہاتھوں میں آنے سے روکنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں