داعش سربراہ کی ہلاکت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم موڑ ہے، ترک صدر

انقرہ (سی این پی) ترکی کے صدر طیب اردوان نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم موڑ قرار دیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ان کا ملک مستقبل میں بھی دہشت گردی کے خاتمے کی جدو جہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی سے وابستہ شامی کرد تنظیم وائی پی جی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ترکی نے داعش، پی کے کے، وائی پی جی سمیت دیگردہشت گردتنظیموں کے خلاف لڑائی کی بھاری قیمت چکائی ہے ۔ واضح رہے کہ ترک وزارت دفاع کے بیان کے مطابق بغدادی کے خلاف کارروائی سے قبل ترک اور امریکی فوج نے معلومات کا تبادلہ بھی کیاتھا۔یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز شام کے شمال مشرقی صوبہ ادلب میں فوجی کارروائی کے دوران بغدادی کے مارے جانے کا اعلان کیا تھا ۔ شامی آبزرور فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ آٹھ ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں کی مدد سے کئے گئے اس آپریشن میں البغدادی ، اس کی بیوی اور چند بچوں سمیت مجموعی طورپر 9 افراد مارے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں