مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

لاہور(سی این پی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی جانب سے غزہ میں ہسپتال پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے مذمتی بیان میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ہسپتال پر حملہ کر کے سفاکیت کی تمام حدوں کو عبور کر لیا ہے، غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملہ پوری انسانیت کیلئے شرم کا مقام ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی انسانیت سوز پیش قدمی کو روکنے اور انسانی ہمدردی کے تحت شہریوں کی محفوظ نقل مکانی کیلئے راہداری کو فعال کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہوا وہ ظالمانہ، وحشیانہ اور غیرانسانی عمل ہے، دنیا اسرائیل کے مظالم پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی، یہ پاگل پن اب بند ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں