امریکی حکومت کا سندھ میں112 پاکستانی طلباء کو یو ایس ایڈ کی اسکالرشپ دینے کا اعلان

اسلام آباد (فوزیہ کلثوم رانا)امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عائشہ اکرام کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی جس میں انہوں نے 112 پاکستانی انڈرگریجویٹ طلباء میں سکالرشپس تقسیم کیے۔
امریکی حکومت کی جانب سے یہ وظائف یو ایس ایڈ کے میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ سکالرشپ پروگرام کے تحت دیے گئے- ان سکالرشپس کے ذریعے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ طلباء سندھ کی چھ یونیورسٹیوں میں ڈگری پروگرام مکمل کر سکیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشن ڈائریکٹر یو ایس ایڈ کیٹ سوم وونگسری نے کہا کہ “اعلیٰ تعلیم تمام سماجی و اقتصادی پس منظر کے طلباء کو اپنی قابلیت بڑھانے اور کیریئر کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ ہمیں ان لائق اور روشن مستقبل کے حامل طلباء کی اعانت پر خوشی ہے تاکہ وہ آنے والے وقتوں میں انفرادی اور پیشہ ورانہ فیوچر لیڈرز کے طور پر ابھر سکیں۔”
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عائشہ اکرام نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام 50 فیصد سے زیادہ وظائف فی میل سٹوڈنٹس کو دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبے میں امریکی حکومت کے طویل تعاون نے 75 سال پر محیط ایک عظیم مثبت مثال قائم کی ہے۔
یوایس ایڈ کی مالی اعانت سے جاری میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ پروگرام ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور 30 پاکستانی یونیورسٹیوں کے درمیان شراکت داری کے تحت، پاکستانی منتخب یونیورسٹیوں میں ڈگریاں حاصل کرنے کے لیے طلباء کو یونیورسٹی اسکالرشپ فراہم کرتا ہے۔ سکالرشپ میں طلباء کی ٹیوشن فیس، رہائش، نصابی کتب، اور کھانے کے اخراجات شامل ہیں۔ 2004 سے جاری یہ پروگرام اب تک پاکستان بھر میں کم آمدنی والے خاندانوں کے 6,000 سے زیادہ طلباء کو وظائف دے چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں