چیئرمین پی سی بی کی سینئر کرکٹرز سے مشاورت، سلیکشن کمیٹی کو فارغ کردیا گیا

لاہور (سی این پی )چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی سابق کرکٹرز سے مشاورت کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو فارغ کر دیا گیا، نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کا اعلان جلد کیا جائے گا۔لاہور میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے وہاب ریاض اور سابق کرکٹرز یونس خان، محمد حفیظ اور سہیل تنویر سے اہم مشاورتی ملاقاتیں کیں جن میں سلیکشن کمیٹی سمیت کرکٹ کے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔

سینئر کرکٹرز نے چیئرمین پی سی بی سے کہا کہ پی ایس ایل کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی سلیکشن سمجھ سے باہر ہے، ایک پی ایس ایل کے میچ میں اچھی اننگز کے بل پر کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے، جب ڈومیسٹک سیزن کے پرفارمرز کو عزت نہیں دی جائے گی تو یہی نتائج سامنے آئیں گے۔

سینئر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ جس نے ڈومیسٹک نہیں کھیلا وہ پی ایس ایل سے قومی ٹیم میں آتا ہے جوکہ ڈومیسٹک سیزن کھیلنے والوں کے ساتھ نا انصافی ہے، سلیکشن کمیٹی وہ ہونی چاہیے جو میرٹ پر کام کرے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز سے مشاورت کے بعد پی سی بی نے سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے عبوری سربراہ توصیف احمد اور وجاہت اللہ واسطی کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا، دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان ٹیم کا انتخاب نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں