پہلے ٹی20 میچ میں بھارت نے آسڑیلیا کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی

وشاکا پٹنم (سی این پی )ورلڈ کپ فائنل کے بعد بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں جوش انگلس کی جارحانہ سنچری رائیگاں گئی اور بھارت نے مہمان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی۔بھارت کے شہر وشاکا پٹنم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

اسٹیو اسمتھ اور میتھیو شارٹ پر مشتمل آسٹریلین اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 31 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ روی بشنوئی نے میتھیو شارٹ کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔اس کے بعد اسمتھ کا ساتھ دینے نوجوان جوش انگلس آئے اور دونوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی باؤلرز کو دن میں تارے دکھا دیے۔

جوش انگلس نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور بہترین بلے بازی کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے بڑی شراکت بنانے کے ساتھ ساتھ صرف 29 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔نوجوان بلے باز نے اس کے بعد بھی بس نہ کی اور تیزی سے سنچری کی جانب پیش قدمی کی جبکہ دوسرے اینڈ سے اسمتھ نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔

دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے صرف 67 گیندوں پر 130 رنز کی ساجھے داری بنائی اور اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔اسمتھ 41 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔لیکن دوسرے اینڈ سے انگلس کا لاٹھی چارج جاری رہا اور انہوں نے صرف 47 گیندوں پر سنچری داغ دی، جس میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔

جوش انگلس 50 گیندوں پر 110 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے اور آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں بھارت کو ابتدا میں ہی رتو راج گائیکواڈ کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو کھاتا کھولے بغیر ہی رن آؤٹ ہو کر چلتے بنے۔

دوسرے اینڈ سے یشاوی جیسوال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 8 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے لیکن میتھیو شارٹ نے انہیں پویلین رخصت کر دیا۔22 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ایشان کشن کا ساتھ دینے کپتان سوریا کمار یادیو آئے اور دونوں نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دونوں نے بڑے ہدف کے باوجود دباؤ کا خاطر میں نہیں لایا اور اگلے 10 اوورز میں 112 رنز کی ساجھے داری بنا کر ہدف کا کامیابی سے حصول یقینی بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔آسٹریلیا کو تیسری کامیابی اس وقت ملی جب ایشان 5 چھکوں اور دو چوکوں سے مزین 58 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن دوسرے اینڈ سے آسٹریلین باؤلر سوریا کمار کے خلاف بے بس نظر آئے۔

نئے بلے باز تلک ورما جلد پویلین لوٹ گئے لیکن سوریا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 42 گیندوں پر 8 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر مجموعی اسکور کو 194 تک پہنچا دیا۔

جب سوریا آؤٹ ہوئے تو بھارت کو فتح کے لیے 14 گیندوں پر صرف 15 رنز درکار تھے اور رنکو سنگھ نے دوسرے اینڈ سے دو ساتھی کھلاڑیوں کے رن آؤٹ ہونے کے باوجود دباؤ برداشت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچ کی آخری گیند پر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔رنکو سنگھ نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے اور بھارت نے سنسنی خیز مقابلے میں 2 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

بھارت کے کپتان سوریا کمار کو 80 رنز کی فتح گر باری کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں