کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور شاندار گول کر کے مداحوں کو حیران کردیا

عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور شاندار گول کر کے مداحوں کو حیران کردیا۔کرسٹیانو رونالڈو نے جمعے کے روز 3 منٹ میں 2 بار گول کر کے اپنی سعودی کلب کی ٹیم النصر کو الخدود کے خلاف 0-3 سے فتح دلوائی۔

اُنہوں نے میچ کے دوران 77 ویں منٹ میں قریب سے ایک متاثر کن زاویے سے اپنا پہلا گول کیا اور پھر اس کے بعد 40 یارڈ سے ایک شاندار اسٹرائیک کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے فٹبالر کی شاندار کارکردگی کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

سعودی فرنچائز النصر کی جانب سے بھی میچ کے دوران پرتگالی فٹبالر کی اس بہترین کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔

اس میچ  کے دوران لی گئی کرسٹیانو رونالڈو کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود سعودی فرنچائز النصر کے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ’اس شاندار کارکردگی کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا‘۔ واضح رہے کہ لیگ کے رواں سیزن میں یہ کرسٹیانو رونالڈو کا 15 واں گول تھا اور اس کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر النصر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں