آرٹ اسکینڈل،شہزادہ چارلس کے ساتھ کروڑوں کا دھوکا ہو گیا

لندن(سی این پی)برطانیہ کے شہزادہ چارلس کے پسندیدہ سرکاری مکانات میں سے ایک مکان میں لگی 6 کروڑ 46 لاکھ 79 ہزار 950 ڈالرز مالیت کی پینٹنگز جعلی نکلیں۔ڈم فریز ہائوس دی پرنس فائونڈیشن کا صدر مقام ہے جہاں ان قیمتی فن پاروں کو عوامی نمائش کے لیے لگایا گیا تھا لیکن جعل سازی کا آرٹ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اِن پینٹنگز کو ہٹا دیا گیا ہے۔میڈیا کے مطابق وہاں لگی بہت سی پینٹنگز میں سے دو فن پارے جس میں سے ایک 5 کروڑ 43 لاکھ 31 ہزار 158 ڈالر زکی پکاسو کی پینٹنگ تھی جب کہ دوسری 1 کروڑ 55 لاکھ 23 ہزار 188 ڈالرز کی مصور ڈالی کی پینٹنگ تھی، ان دونوں کو بھی جعلی قرار دے دیا گیاہے۔دیوالیہ بزنس مین جیمس اسٹنٹ کی طرف سے 17 پینٹنگز قرض پر دی گئی تھیں۔پرنس فائونڈیشن کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈم فریز ہائوس وقتا فوقتا افراد اور دیگر تنظیموں کے قرض پر فن پاروں کو قبول کرتا رہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ان مخصوص پینٹنگز کی صداقت کے حوالے سے شکوک و شبہات سامنے آئے ہیں اور اب انہیں نمائش سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔جعلی آرٹ بنانے کے مقدمے میں 6 ماہ قید کی سزا کاٹنے والے امریکی فنکار ٹونی ٹیٹرو کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر انہوں نے بنائی تھیں اور مسٹر اسٹنٹ کو فروخت کر دیں تھیں۔مسٹر ٹیٹرو قانونی طور پر ایک ایسے مصور ہیں جو کہ صارفین کے گھروں اور دفاتر کے نجی استعمال کے لیے ماسٹر پیس کی نقل تیار کرتے ہیں، اور مسٹر اسٹنٹ نے ان سے 11 ماسٹر پیس کی نقل حاصل کی تھیں۔ٹیٹرو نے مزید بتایا کہ آپ میری بنائی ہوئی تصویروں سے اپنے دوستوں کو متاثر کر سکتے ہیں لیکن اسکروٹنی کے ماہر اسے کبھی پاس نہیں کریں گے۔تاہم جعل سازی کے اس اسکینڈل کے حوالے سے اسٹنٹ نے اصرار کیا ہے کہ میرا کوئی سامان جعلی نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں